24 رَبيع الأوّل / September 16

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ، سیلاب متاثرین مشکلات کا شکار

پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سیلاب متاثرین کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

چنیوٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو گھنٹے سے زائد موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث پانی کی سطح بلند ہوگئی اور متاثرہ آبادیوں کے مسائل بڑھ گئے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق نشیبی علاقوں میں کھڑا پانی لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے جبکہ ریسکیو اہلکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

شیخوپورہ اور گرد و نواح میں بھی شدید بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ جہلم میں ندی نالے بپھر گئے جس سے قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا۔ ریسکیو ٹیموں کو سیلابی پانی کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے۔

ادھر دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر غیر معمولی سیلاب کے باعث تلوار پوسٹ سے ملحقہ دیہات کو خالی کرانے کے لیے اعلانات کیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد صدر، جی ٹی روڈ، گلبہار اور گورنر ہاؤس کے قریب شیر شاہ سوری روڈ پر پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

اسی طرح آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں موسلا دھار بارش کے بعد نالہ ماہل میں طغیانی آگئی، جس کے نتیجے میں نالے کے کنارے آباد ایک بستی کو خالی کرایا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں مزید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ شام یا رات کے وقت سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق مسلسل بارشوں اور دریاؤں میں بڑھتے پانی کے بہاؤ سے کئی اضلاع میں صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی اقدامات کی ضرورت ہے۔