98
راولپنڈی: تیز بارش کے دوران کار سوار دو افراد نالے میں گر کر لاپتہ
اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کار سوار دو افراد برساتی نالے میں بہہ گئے، تلاش جاری پاکستان کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہفتے کو ہونے والی موسلا دھار بارش نے نشیبی علاقوں کو زیرِ آب کر دیا جبکہ ایک افسوسناک واقعے میں اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب…
اسلام آباد کی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کار سوار دو افراد برساتی نالے میں بہہ گئے، تلاش جاری
پاکستان کے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہفتے کو ہونے والی موسلا دھار بارش نے نشیبی علاقوں کو زیرِ آب کر دیا جبکہ ایک افسوسناک واقعے میں اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب کار سوار دو افراد برساتی نالے میں بہہ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں افراد اپنی گاڑی کے ساتھ نالے کے قریب سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے جب پانی کے تیز بہاؤ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاڑی میں موجود افراد مدد کے لیے آوازیں لگاتے رہے لیکن چند لمحوں میں گاڑی پانی میں غائب ہو گئی۔
ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور غوطہ خور نالے کے اطراف میں موجود ہیں اور گاڑی اور افراد کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
بارش سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ راولپنڈی کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 اور ملحقہ دیہات — باغ راجگان، کھڑکن اور سوہاوہ — میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شدید بارش کے بعد اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے اور شہریوں کو احتیاط سے ڈرائیونگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور نشیبی علاقوں میں مشینری اور عملہ تعینات ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برساتی نالوں کے قریب نہ جائیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری رکھا گیا ہے۔