28 مُحَرَّم / July 23

لاہور: 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور اشتعال انگیز تقاریر کیس کا ٹرائل مکمل، فیصلہ آج سنایا جائے گا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے کا ٹرائل مکمل کر لیا گیا ہے، جس کا فیصلہ آج کوٹ لکھپت جیل میں سنایا جائے گا۔

یہ مقدمہ لاہور کے شیر پاؤ پل پر پیش آنے والے ان واقعات سے متعلق ہے جن میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا اور مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقاریر کی گئی تھیں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کی، جس کے دوران ملزمان کے وکلا اور سرکاری وکیل نے اپنے اپنے حتمی دلائل پیش کیے۔

عدالت نے دورانِ سماعت یہ ہدایت دی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل صبح 10 بجے مزید دلائل دیں گے جس کے بعد فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

عدالت نے اس مقدمے میں شاہ محمود قریشی سمیت 14 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا۔ استغاثہ کے مطابق مقدمے میں 61 سرکاری گواہوں نے اپنے بیانات ریکارڈ کرائے۔

یہ مقدمہ لاہور کے تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا تھا، جو ان درجنوں مقدمات میں سے ایک ہے جو 9 مئی کے پُرتشدد مظاہروں کے بعد مختلف شہروں میں درج کیے گئے۔

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو پاکستان بھر میں ہونے والے مظاہروں اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا تھا اور متعدد مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔