27 مُحَرَّم / July 22

شاہراہ بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر پھنسے سیاحوں اور مسافروں کے لیے پاک فوج اور این ایچ اے کا ریسکیو اور بحالی آپریشن جاری ہے۔

چلاس میں بابوسر ٹاپ پر کئی سیاح سیلابی ریلے میں لاپتہ ہو گئے تھے، جس کے بعد فوج اور جی بی اسکاؤٹس نے ریسکیو کارروائیاں شروع کیں۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، متاثرین کو راشن، تیار کھانا اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ گمشدہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

دیوسائی اور اسکردو روڈ پر بھی فوج کا آپریشن جاری ہے، سدپارہ اور دیوسائی کے درمیان راستے کھول دیے گئے ہیں اور باقی سلائیڈز صاف کرنے کا کام ہو رہا ہے۔

ادھر وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایت پر این ایچ اے کی ٹیمیں شاہراہ قراقرم کی بحالی میں مصروف ہیں۔ چلاس بازار، زیرو پوائنٹ، گورنر فارم، پسو اور جھلکھڈ سمیت کئی مقامات پر شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، جبکہ تتہ پانی پر کام جاری ہے۔

ترجمان این ایچ اے کے مطابق ٹیمیں رات بھر کام کر رہی ہیں اور چیئرمین این ایچ اے خود نگرانی کر رہے ہیں۔ شاہراہوں کی مکمل بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔