15 مُحَرَّم / July 10

چینی فضائیہ کے چیف آف اسٹاف کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو سراہا

اسلام آباد میں بدھ کو چینی فضائیہ (پی ایل اے ایئر فورس) کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ نے وفد کے ہمراہ پاک فضائیہ کے ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو سے ملاقات کی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی وفد کا ایئر ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی تعاون، علاقائی سلامتی اور دفاعی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی چیف آف اسٹاف کو اس موقع پر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور جدید صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت میں دونوں اطراف نے فضائی قوت اور آپریشنل ہم آہنگی بڑھانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل وانگ گانگ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اسے ’’جدید فضائی جنگ کا ایک نمونہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ’’ملٹی ڈومین آپریشنز‘‘ میں پی اے ایف کی مربوط حکمت عملی قابل تقلید ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فضائیہ کے پائلٹس کے نظم و ضبط اور جرات کو خاص طور پر سراہا، خاص طور پر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پی اے ایف کی کارکردگی کو ’’شاندار‘‘ قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وفد نے پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات پاک چین تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اور قدم قرار دی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ شراکت داری ’’باہمی تعاون اور جدت پر مبنی اشتراک کے ذریعے نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔‘‘