98
آندھی اور بارش کی تباہ کاریاں: پنجاب میں 8 افراد جان سے گئے، 27 زخمی
پنجاب میں آندھی اور بارش سے مختلف حادثات، 8 افراد جاں بحق، 27 زخمی پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاہور میں بند روڈ پر ایک بِل بورڈ…
پنجاب میں آندھی اور بارش سے مختلف حادثات، 8 افراد جاں بحق، 27 زخمی
پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاہور میں بند روڈ پر ایک بِل بورڈ موٹر سائیکل سوار خاندان پر گر گیا، جس کے نتیجے میں شوہر موقع پر جاں بحق جبکہ بیوی اور بچہ زخمی ہوئے۔ اسی شہر کے علاقے داروغے والا میں ایک گھر کی چھت گرنے سے دو افراد کی جان چلی گئی، جب کہ کٹار بند روڈ پر دیوار گرنے سے ایک اور شخص جاں بحق ہوا۔
شیخوپورہ کے علاقے خان پور میں گھر کی دیوار گرنے سے دس سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا، جب کہ کوٹ عبدالمالک میں دیوار گرنے کے ایک اور واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
نوشہرہ ورکاں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جب کہ گوجرانوالہ کے نندی پور گاؤں میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
فیروزوالا، قصور، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں تیز آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 27 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات بھی شامل ہیں۔
لاہور میں آندھی اور بارش کے بعد کی صورتحال
ریسکیو سروس کے ترجمان کے مطابق لاہور اور مضافاتی علاقوں میں شدید آندھی اور بارش کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق طوفانی بارش کے باعث 220 کے وی کے دو گرڈ اسٹیشن بند ہو گئے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لیسکو چیف رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ 132 کے وی سسٹم بھی متاثر ہوا تھا، تاہم متاثرہ گرڈ اسٹیشنز کی بحالی کا عمل جاری ہے۔