6 مُحَرَّم / July 01

شرجیل میمن: پیپلز پارٹی کو وفاق میں شمولیت کی تاحال کوئی پیشکش نہیں ہوئی

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ فی الحال پاکستان پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے میں صحت اور ترقی کے شعبوں میں بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں بہترین طبی سہولیات سندھ میں فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث ملک بھر سے مریض علاج کے لیے یہاں آ رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستانی فورسز دشمن کو ہر محاذ پر نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے وزیرستان میں شہید ہونے والے 13 فوجی جوانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

وفاقی اور بین الاقوامی سطح پر پارٹی کردار پر بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو کی کوششوں سے بھارت کو دنیا بھر میں بےنقاب کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر بلاول بھٹو کا مؤقف بین الاقوامی عدالت نے تسلیم کیا، اور فیصلے کا کریڈٹ چیئرمین بلاول کو جاتا ہے۔

سندھ حکومت کے حالیہ بجٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

توانائی بحران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کے-الیکٹرک پر تنقید کی اور کہا کہ کمپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، جبکہ شہر میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔