5 مُحَرَّم / June 30

وزیراعظم شہباز شریف کی چوہدری نثار سے ملاقات، سیاسی واپسی پر گفتگو

اسلام آباد —
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور ممکنہ سیاسی واپسی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم چوہدری نثار کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ ملاقات میں نہ صرف خیریت دریافت کی گئی بلکہ موجودہ سیاسی ماحول پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے نیم شکوہ انداز میں کہا:
"چوہدری صاحب، آپ تو ہمیں بھول ہی گئے۔”
جس پر چوہدری نثار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا:
"نہیں نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی۔”

اس موقع پر وزیراعظم نے چوہدری نثار کو مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت دیتے ہوئے کہا:
"اب آپ اپنے گھر واپس آجائیں۔”
ذرائع کے مطابق، چوہدری نثار نے پارٹی میں واپسی کے حوالے سے کوئی فوری فیصلہ دینے سے گریز کیا اور کچھ وقت مانگا۔

باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان نہ صرف یہ بالمشافہ ملاقات ہوئی بلکہ اس سے قبل اور بعد میں ان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے بھی جاری رہے ہیں۔ ملاقات کو مسلم لیگ (ن) کے اندرونی سیاسی ڈھانچے میں ممکنہ ردوبدل اور اتحاد کی کوششوں کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

چوہدری نثار علی خان، جو ماضی میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما اور سابق وزیر داخلہ رہ چکے ہیں، گزشتہ چند سالوں سے پارٹی سرگرمیوں سے کنارہ کش ہیں اور آزاد حیثیت سے سیاست کر رہے ہیں۔ ان کی پارٹی میں واپسی کی قیاس آرائیاں ماضی میں بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں، مگر حالیہ ملاقات نے ان امکانات کو ایک بار پھر تازہ کر دیا ہے۔