24 ذوالحجة / June 20

پاکستان: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو ایران کی خود مختاری کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے نہ صرف ناقابلِ جواز اور قابلِ مذمت ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کی بنیادیں ہلا دینے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں خطے کے امن اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اور اس اقدام سے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

پاکستانی نائب وزیراعظم نے اس موقع پر ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر سطح پر ایرانی عوام کے جائز حقوق اور خودمختاری کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران پر اسرائیل کے حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور عالمی برادری کی جانب سے اس پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔