24 ذوالحجة / June 20

پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے ‘غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن’ قرار دے دیا

اسلام آباد:
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور گمراہ کن‘ قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے بیانات علاقائی امن کے لیے خطرناک ہیں اور ان کا مقصد صرف پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اعلیٰ سفارتکاروں کو چاہیے کہ وہ کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے امن اور ہم آہنگی کے پیغامات دیں۔

‘بھارت اپنے جرائم چھپانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے’

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو اپنی سرحدوں سے باہر دہشت گردی کی سرپرستی چھپا سکتا ہے اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری سے اوجھل کر سکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بیان بازی اور جھوٹے الزامات دراصل اپنے اندرونی اور خارجی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

‘پاکستان خودمختاری کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے’

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے بھارت کو حالیہ اشتعال انگیز اقدامات کے لیے جواز تراشنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، بات چیت اور سفارت کاری پر مکمل یقین رکھتا ہے، لیکن ساتھ ہی اپنے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کی مکمل صلاحیت اور عزم بھی رکھتا ہے۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کا حالیہ بیانیہ ناکام فوجی مہم جوئی کے بعد کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے، اور بین الاقوامی برادری کو اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔