98
ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبہ: پاک-ازبک وزرائے خارجہ کی مشاورت
اسحاق ڈار اور ازبک وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیار اودیلووچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں تین ممالک — ازبکستان، افغانستان اور پاکستان — کے مشترکہ ریلوے…
اسحاق ڈار اور ازبک وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیار اودیلووچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں تین ممالک — ازبکستان، افغانستان اور پاکستان — کے مشترکہ ریلوے منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس رابطے میں دونوں رہنماؤں نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے کو خطے کے لیے اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطے کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گفتگو کے دوران تین ملکی ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کی جلد تکمیل پر بھی مشاورت کی گئی، تاکہ اس اہم معاہدے پر بروقت دستخط کیے جا سکیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب کے انعقاد، اس کے طریقہ کار، اور افغانستان کی قیادت سے روابط کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ ازبکستان، افغانستان، اور پاکستان کے درمیان مجوزہ ریلوے منصوبہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو جنوبی ایشیا سے جوڑنے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ خطے میں توانائی، نقل و حمل اور کاروباری روابط میں بھی نمایاں بہتری متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر یہ منصوبہ بروقت مکمل ہو جاتا ہے تو یہ خطے کے ممالک کے درمیان اقتصادی انحصار کو بڑھا سکتا ہے اور افغانستان کو ایک زمینی پل کی حیثیت حاصل ہو سکتی ہے۔