11 ذوالحجة / June 07

میانوالی: عدالت کے باہر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، ملزم گرفتار

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں واقع جوڈیشل کمپلیکس پیپلاں کے ہرنولی موڑ پر کمرہ عدالت کے باہر فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی صبح اس وقت پیش آیا جب عدالت کے احاطے میں موجود ایک شخص نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں متاثرہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد ملزم نے خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا، جسے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ تاحال فائرنگ کی وجوہات اور پس منظر سامنے نہیں آ سکے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

عدالتی احاطے میں فائرنگ کا یہ واقعہ سیکیورٹی انتظامات پر بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عدالتوں میں سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔