12 ذوالقعدة / May 10

علیمہ خان انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش، قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان ہفتے کے روز راولپنڈی میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئیں۔

علیمہ خان اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ عدالت پہنچیں جہاں انہوں نے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی۔ یہ درخواست اس مقدمے کے تناظر میں دی گئی ہے جو راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر 2023 کے احتجاج کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا۔

عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علیمہ خان بے قصور ہیں اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ مقدمے میں ان کی موکلہ کا براہ راست کوئی کردار نہیں بنتا اور انہیں بلاوجہ شاملِ تفتیش کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے راولپنڈی میں احتجاج کیا تھا، جس پر پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ اس مقدمے میں علیمہ خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

عدالت نے درخواست وصول کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے، جبکہ پولیس سے بھی جواب طلب کیا گیا ہے۔