12 ذوالقعدة / May 10

اسلام آباد کی بڑی عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب، جنگی حالات سے نمٹنے کی مشقیں

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر کی تمام بڑی عمارتوں پر ہنگامی سائرن نصب کر دیے ہیں۔ یہ اقدام ممکنہ ہنگامی یا جنگی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق شہر کی حساس اور بلند عمارتوں میں ایمرجنسی سائرن نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر شہریوں کو خبردار کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور کسی بھی ہنگامی پیغام کو بروقت نشر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق، اس اقدام کے ساتھ ساتھ شہر کی بڑی عمارتوں میں ڈرل مشقیں بھی منعقد کی گئیں۔ ان مشقوں کا مقصد جنگی یا ہنگامی حالات کے دوران فوری ردِ عمل کی صلاحیت کو جانچنا اور بہتر بنانا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہریوں کو ہنگامی حالات میں عمل کرنے کے لیے طے کردہ ایس او پیز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتِ حال میں عوام محفوظ رہیں اور افراتفری سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ تیاریاں موجودہ علاقائی تناؤ اور سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں کی جا رہی ہیں، اور ان کا مقصد کسی ممکنہ خطرے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ہے۔

سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شہری سطح پر اس نوعیت کی مشقیں نہ صرف عوام میں شعور پیدا کرتی ہیں بلکہ حکومتی اداروں کی تیاری کو بھی مؤثر بناتی ہیں۔