10 ذوالقعدة / May 08

احسن اقبال: "بہادر شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا”

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت سیکیورٹی کے غیرمعمولی چیلنجز سے گزر رہا ہے، تاہم ملکی افواج اور خصوصاً فضائیہ نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جس کے بعد اب "بھارت کو سوگ کی کیفیت کا سامنا ہے اور انہیں پائلٹ نہیں مل رہے”۔

ترقیاتی منصوبے اور بجٹ ترجیحات

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ سے متعلق بھی اہم نکات پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے منصوبوں کو ترجیح دے رہی ہے جن سے روزگار میں اضافہ ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں ایسے منصوبے شامل کیے جائیں گے جن سے تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اب ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات پاکستان خود طے کرے گا اور انحصار عالمی اداروں یا ڈونرز پر کم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے وفاق سے زیادہ مالی وسائل رکھتے ہیں، کیونکہ قومی وسائل کا 60 فیصد حصہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے۔

پن بجلی منصوبوں پر نظرثانی

وفاقی وزیر نے بھاشا ڈیم اور داسو پن بجلی منصوبے کی لاگت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھاشا ڈیم کی لاگت 480 ارب روپے سے بڑھ کر 1500 ارب روپے تک جا پہنچی ہے، جب کہ داسو منصوبہ 500 ارب سے 1700 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے نیلم جہلم منصوبے میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جلدبازی میں شروع کیا گیا اور اب اس میں خرابی سے متعلق عالمی ماہرین کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ احسن اقبال نے تجویز دی کہ چیئرمین واپڈا کو سویلین اور ہائیڈرالوجی کا ماہر ہونا چاہیے۔

قومی اقتصادی کونسل اور بجٹ شیڈول

احسن اقبال نے بتایا کہ وفاقی بجٹ 2 جون کو پیش کیا جائے گا، جب کہ قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اجلاس 26 یا 27 مئی کو متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی (پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام) کے تحت ایسے 200 منصوبے جو سست روی کا شکار ہیں، انہیں ختم کیا جائے گا تاکہ وسائل کا مؤثر استعمال ممکن بنایا جا سکے۔