10 ذوالقعدة / May 08

ڈی جی آئی ایس پی آر: "پاکستان جب مارے گا تب پوری دنیا جان جائے گی”

اسلام آباد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی، حالیہ حملوں اور پاکستان کے مؤقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ "پاکستان جب مارے گا، تب پوری دنیا جان جائے گی”۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

بھارتی ڈرونز کی خلاف ورزیاں اور پاکستان کا جواب

پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے متعدد ڈرونز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور خاص طور پر لاہور میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات عالمی قوانین اور سرحدی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کسی بھی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔ ان کے بقول، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے پاکستان نے ہر ممکنہ حد تک اسٹریٹیجک صبر اور احتیاط کا مظاہرہ کیا ہے۔

"جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں”

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی آرمی، نیوی اور فضائیہ ہمہ وقت تیار ہیں اور کسی بھی ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

عالمی برادری سے مطالبہ

پاکستان کی قیادت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور سرحدی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، تاکہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں مزید اضافہ روکا جا سکے۔