98
پاک بھارت کشیدگی: پنجاب کے تعلیمی ادارے دو روز کیلئے بند
پاک بھارت کشیدگی کے باعث پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند، انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو دو روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی…
پاک بھارت کشیدگی کے باعث پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند، انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو دو روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رہیں گے، جبکہ اتوار 11 مئی تک تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تعطیلات کا اطلاق اسکولوں، کالجوں اور جامعات پر یکساں ہو گا۔
امتحانات اور پریکٹیکلز بھی ملتوی
وزیر تعلیم کے مطابق 9 اور 10 مئی کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے تحریری امتحانات اور پریکٹیکل بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان امتحانات کے لیے نیا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ تاہم او لیول اور اے لیول کے امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کی مشقیں شروع
پنجاب حکومت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں محکمہ شہری دفاع اور ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، مظفرگڑھ، گوجرانوالہ، سرگودھا، چکوال، نارووال اور دیگر شہروں میں فرضی مشقیں جاری ہیں تاکہ فوری ردِعمل کی تیاری کو جانچا جا سکے۔
ڈی جی پی آر کے دفتر میں ایک کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو درست اور قابل اعتبار معلومات فراہم کرنا اور افواہوں کی روک تھام کرنا ہے۔ یہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کرے گا اور تین شفٹوں میں عملہ تعینات ہوگا۔
لاہور پولیس کی انسداد دہشت گردی مشقیں
دوسری جانب، لاہور پولیس نے بھی ممکنہ دہشت گردی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم میں انسداد دہشت گردی کی فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ اس مشق میں پولیس کے تمام ونگز، بشمول ایلیٹ فورس، ڈولفن اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد فورسز کی تیاری کو جانچنا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بروقت کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔