9 ذوالقعدة / May 07

مودی سرکار نے بھارت کے ’سیکولر چہرے‘ کو بے نقاب کر دیا ہے، فاروق ستار

اسلام آباد — متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی موجودہ پالیسیوں نے بھارت کے ’سیکولر نقاب‘ کو ہٹا کر اس کی حقیقی ذہنیت دنیا کے سامنے واضح کر دی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا: "مودی بیٹا، تم نے بھارت کے منہ سے سیکولرازم کا نقاب اٹھا کر بہت اچھا کیا۔ مودی ذہنیت نے ثابت کر دیا کہ ہمارے اجداد نے پاکستان کے قیام کے لیے جو قربانیاں دیں، وہ بالکل درست تھیں۔”

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حالیہ پہلگام واقعہ بھارت کی انٹیلی جنس کی ایک اور بڑی ناکامی ہے، اور ماضی میں پلوامہ واقعے میں بھی اسی نوعیت کی کمزوریاں سامنے آئی تھیں۔ ان کے بقول، بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا بیانیہ دنیا نے مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "بھارت کی جنونیت کا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوچکا ہے۔ پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ اگر بھارت کے پاس کوئی شواہد ہوتے تو اب تک سامنے آچکے ہوتے۔”

ایم کیو ایم رہنما نے گجرات فسادات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کس نے کیا؟ گجرات کے قصائی کا لقب کس کو ملا ہے؟” ان کا اشارہ نریندر مودی کی طرف تھا، جن پر ماضی میں گجرات فسادات کے دوران اقلیتوں کے خلاف کارروائیوں کا الزام لگتا رہا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطاب کے آخر میں پاکستان کی فوج کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا، "پی ٹی آئی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ کا بائیکاٹ کر کے کیا پیغام دیا؟ جب پوری قوم ایک طرف کھڑی ہے تو وہ دوسری طرف کیوں کھڑے ہیں؟”

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بین الاقوامی سطح پر زیرِ بحث ہے، اور دونوں ممالک کی قیادت ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہے۔