1 ذوالقعدة / April 29

ملزم ارمغان کی ایم فور رائفل سے پولیس پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر

منی لانڈرنگ اور قتل کیس میں ملوث ملزم کی مزید سنگین حرکت بے نقاب

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کی جانب سے ایم فور رائفل سے پولیس پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس نے معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ارمغان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو ملزم کے غیر قانونی طور پر قائم کردہ کال سینٹر کے قریب لگے کیمرے سے حاصل کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو ملزم کے خلاف جاری تحقیقات میں اہم ثبوت کے طور پر شامل کر لی گئی ہے، جبکہ اس کی بنیاد پر اس پر دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا بھی امکان ہے۔

پہلے سے سنگین الزامات

واضح رہے کہ ارمغان پر پہلے ہی منی لانڈرنگ، حوالہ ہنڈی، کرپٹو کرنسی کے ذریعے دھوکہ دہی اور اپنے بچپن کے دوست مصطفیٰ عامر کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ ہر ماہ 3 سے 4 لاکھ ڈالرز کماتا تھا اور اس نے غیر قانونی کال سینٹر کے ذریعے درجنوں امریکی شہریوں سے فراڈ کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ارمغان نے اپنے کال سینٹر سے امریکی شہریوں کی معلومات حاصل کر کے ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی اور پھر وہ رقم کرپٹو کرنسی میں تبدیل کر کے پاکستان منتقل کرتا تھا۔