1 ذوالقعدة / April 29

راولپنڈی: گورنمنٹ بوائز کالج ڈھوک سیّداں راولپنڈی میں ثقافتی دن کے حوالے سے ایک شاندار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجابی اور پوٹھوہاری ثقافت کی بھرپور عکاسی کی گئی۔

تقریب میں کالج کے اساتذہ اور طلبا نے روایتی ثقافتی لباس زیب تن کر کے اپنی تہذیب و ثقافت کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس منفرد پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں اپنی علاقائی ثقافت سے محبت اور آگاہی پیدا کرنا تھا۔

پروگرام کی مہمانِ خصوصی معروف شاعرہ ڈاکٹر شازیہ اکبر اور پروفیسر امجد اقبال تھے۔ تقریب کے دوران کالج کے اساتذہ ڈاکٹر عبد الوہاب اجمل، ڈاکٹر سیّد توقیر بخاری، عبدالجبار باسط اور صدام اشفاق نے صوفیانہ کلام پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا۔

اس کے علاوہ طلبا وقاص احمد، عمر بن سلام، وقار احمد اور محمد احمد نے مزاحیہ شاعری پیش کی، جس پر ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔

تقریب کا ایک اور نمایاں پہلو مشہور داستان "ہیر رانجھا” پر مبنی ڈرامہ تھا، جسے طلبا نے کامران ضمیر کی ہدایت کاری میں جدید انداز میں پیش کیا۔ اس ڈرامائی پیشکش نے حاضرین کو مسحور کر دیا اور بھرپور داد سمیٹی۔

تقریب کے اختتام پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر راشد محمود نے تمام اساتذہ اور طلبا کی محنت اور جذبے کو سراہا اور مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف طلبا کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان میں اپنی ثقافت سے فخر اور وابستگی بھی پیدا کرتے ہیں۔