1 ذوالقعدة / April 29

سندھ کابینہ کی منظوری: کراچی بورڈ کے فرسٹ ایئر طلبہ کو گریس مارکس دیے جائیں گے

سندھ حکومت نے صوبائی اسمبلی کی سب کمیٹی کی سفارش پر کراچی بورڈ کے تحت فرسٹ ایئر کے طلبہ و طالبات کو گریس مارکس دینے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ پیر کے روز سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں واضح کیا گیا کہ گریس مارکس 20 فیصد کی حد تک کیمسٹری، فزکس اور ریاضی کے مضامین میں دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو ان مضامین میں درپیش دشواریوں کے باعث تعلیمی نقصان سے بچانا ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز (یو اینڈ بی) کو تمام تعلیمی بورڈز میں اصلاحات لانے کی ہدایت جاری کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں شفافیت اور بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔ یہ کمیٹی صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرے گی اور اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں سندھ کے تعلیمی بورڈز، خصوصاً کراچی بورڈ، میں امتحانی نتائج اور انتظامی معاملات سے متعلق متعدد شکایات سامنے آئی ہیں، جن پر طلبہ، والدین اور اساتذہ نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔