1 ذوالقعدة / April 29

منیبہ علی کی شاندار اننگز، عالیہ ریاض کے ساتھ پارٹنرشپ کو فتح کی کنجی قرار دے دیا

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی اوپننگ بیٹر منیبہ علی نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے اہم میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کو ٹیم ورک اور شراکت داری کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں منیبہ علی نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ ہی وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والی پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔

’پارٹنرشپ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی‘

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں منیبہ علی نے کہا کہ فتح کے لیے وکٹیں بچانا ضروری تھا اور یہی حکمت عملی وہ اور ان کی ساتھی بیٹر عالیہ ریاض کے درمیان طے ہوئی تھی۔

"اننگز بہت اہم تھی، ہمیں علم تھا کہ جیت کے لیے پارٹنرشپ درکار ہے۔ عالیہ ریاض کے ساتھ اچھی سمجھ بوجھ بنی، اور ہم نے پلان کے مطابق وکٹیں سنبھال کر کھیلنے کی کوشش کی۔”

بولرز پر تنقید نہیں، اگلے میچز کی تیاری جاری

جب اسکاٹ لینڈ کی اننگز میں بننے والے زیادہ رنز کے بارے میں سوال کیا گیا تو منیبہ علی نے دفاعی انداز اختیار کرتے ہوئے کہا، "کبھی کبھار بولرز سے زیادہ رنز ہو جاتے ہیں، یہ کھیل کا حصہ ہے۔”

انہوں نے نوجوان کھلاڑی گل فیروزہ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، "گل فیروزہ نے محنت کی ہے، ہمیں امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گی۔”

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بھی اہم

ورلڈ کپ کوالیفائر کے اگلے مرحلے میں پاکستان کا سامنا ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم سے ہے۔ منیبہ علی کا کہنا تھا کہ ہر میچ اہم ہے اور ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔

"ہمارا فوکس اب اگلے میچ پر ہے، جیت کے لیے بھرپور تیاری کریں گے۔”

ریکارڈ بُک میں منیبہ کا نام

71 رنز کی اس اننگز کے ساتھ منیبہ علی نے نہ صرف میچ میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ ون ڈے کرکٹ میں 1,000 رنز مکمل کر کے پاکستانی خواتین کرکٹ میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا۔