2 ذوالقعدة / April 30

’سیٹ بیلٹ نہیں تو خاندان بھی نہیں‘، اہلیہ کے حادثے کے بعد سونو سود کا اہم پیغام

ممبئی — بالی ووڈ کے معروف اداکار اور سماجی کارکن سونو سود نے اپنی اہلیہ سونالی سود کو پیش آنے والے کار حادثے کے بعد سڑکوں پر احتیاطی تدابیر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بروقت سیٹ بیلٹ باندھنے کی وجہ سے ان کی اہلیہ اور دیگر اہلخانہ کی جان بچ سکی۔

چند روز قبل ناگپور میں سونو سود کی اہلیہ سونالی سود، ان کا بھتیجا اور بہن ایک کار حادثے کا شکار ہوئے۔ خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے، جس کا سہرا اداکار نے سیٹ بیلٹ باندھنے کو دیا۔

سونو سود نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا:
’’ناگپور میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ پوری دنیا نے دیکھی کہ حادثے کے بعد کار کی حالت کیا تھی، لیکن میری اہلیہ، بہن اور بھتیجے کی جان بچ گئی کیونکہ وہ سیٹ بیلٹ باندھے ہوئے تھے۔‘‘

اداکار نے گاڑی کے پچھلے حصے میں بیٹھنے والوں کی غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اکثر لوگ پچھلی سیٹ پر بیٹھ کر سیٹ بیلٹ باندھنا ضروری نہیں سمجھتے۔
’’ہمارے معاشرے میں 100 میں سے 99 لوگ پچھلی سیٹ پر بیٹھ کر سیٹ بیلٹ نہیں باندھتے، اور یہی لاپروائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیور سیٹ ہو یا پچھلی سیٹ، ہر حالت میں سیٹ بیلٹ لازماً باندھیں تاکہ خود کو اور اپنے پیاروں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

سونو سود نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بھی ایک سخت مگر مؤثر پیغام درج کیا:
’’سیٹ بیلٹ نہیں تو آپ کا خاندان بھی نہیں۔‘‘

ان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے، جہاں صارفین نہ صرف ان کی اہلیہ کی خیریت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے پر بھی ان کی کاوش کو سراہ رہے ہیں۔