98
سازش کا بیانیہ کہاں سے آیا؟ بیرسٹر گوہر سے وضاحت طلب کی، عاطف خان
’سازش والی بات کہاں سے آئی؟‘ بیرسٹر گوہر سے وضاحت طلب کی، عاطف خان اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی کے سابق چیئرمین بیرسٹر گوہر سے سازش سے متعلق بیانیے کی وضاحت طلب کی…
’سازش والی بات کہاں سے آئی؟‘ بیرسٹر گوہر سے وضاحت طلب کی، عاطف خان
اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اور دیگر رہنماؤں نے پارٹی کے سابق چیئرمین بیرسٹر گوہر سے سازش سے متعلق بیانیے کی وضاحت طلب کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے کبھی ایسی کوئی بات نہیں کی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان نے بتایا کہ ایک ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر نے پارلیمانی پارٹی کو ٹکٹس کی تقسیم کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا۔
ان کے بقول، ’’بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب کو ایک ایک سیٹ پر الیکشن لڑنا ہے۔ صرف تین ارکان سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی رائے تھی کہ ان کی مرکز میں ضرورت ہے۔‘‘
عاطف خان نے مزید کہا کہ اس وقت پارٹی کی سینئر قیادت کا ایک بڑا حصہ پی ٹی آئی کو چھوڑ چکا تھا اور موجودہ ارکان کے لیے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنا ناگزیر تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب وہ جیل میں عمران خان سے ملے تھے تو انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی تھی جس سے سازش کا تاثر لیا جا سکے۔
عاطف خان کا کہنا تھا، ’’ہم نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا کہ سازش والی بات کہاں سے آئی؟ تو انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔ نہ ہی میں نے علی امین سے ایسا کچھ کہا۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس نوعیت کے بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو پارٹی میں اختلافات بڑھ سکتے ہیں اور گلے شکوے جنم لیں گے۔
عاطف خان نے اپنی گفتگو کے اختتام پر زور دیا کہ پارٹی کو اپنی توجہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی پر مرکوز رکھنی چاہیے اور اس معاملے پر مزید کوئی بیان نہیں دیا جائے گا۔