1 ذوالقعدة / April 29

لوکو شیڈ (نمائندہ خصوصی)

گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول لوکو شیڈ میں سالانہ رزلٹ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت اسکول کے پرنسپل جناب محمد سعید نے کی۔ اس موقع پر اسکول کونسل کے معزز ممبران جناب شیر اکبر، ڈاکٹر افتخار، ممتاز عباسی، راجہ شبیر احمد اور قاضی عمران (صدر پی ٹی یو) سمیت دیگر مہمانانِ گرامی بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں طلباء نے مختلف تعلیمی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ پرنسپل محمد سعید نے اپنے خطاب میں کامیاب طلباء کو مبارکباد دی اور ان کی محنت و لگن کو سراہا۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی کوششوں سے طلباء بہتر نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مہمانانِ خصوصی نے اسکول کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء کو بہترین نتائج پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔