2 ذوالقعدة / April 30

اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات میں نمایاں اضافہ، جنوری میں 3 ارب ڈالر بھیجے

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2025 میں 3 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے، جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، مالی سال 2025 کے ابتدائی سات ماہ میں ترسیلات 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے سے 31 فیصد زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق، جنوری میں سعودی عرب سے 72 کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 62 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 44 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 29 کروڑ ڈالر پاکستان آئے۔

رواں مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، جو 5 ارب 15 کروڑ ڈالر رہیں۔ عرب امارات سے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 3 ارب 8 کروڑ ڈالر اور امریکا سے 2 ارب 7 کروڑ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

ماہرین کے مطابق، ترسیلات میں اضافے کی وجہ قانونی ذرائع کے ذریعے پیسہ بھیجنے کے رجحان میں بہتری اور پاکستانی معیشت میں استحکام کی کوششیں ہیں۔