1 ذوالقعدة / April 29

وفاق کا سندھ حکومت سے عالمی بینک کے فنڈز کی تفصیلات طلب

کراچی: وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے سندھ حکومت سے عالمی بینک کے 4 ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز کے استعمال کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

وفاقی سیکرٹری نے صوبائی سیکرٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی کو ارسال کردہ خط میں وضاحت کی کہ وفاقی حکومت عالمی بینک کی مالی مدد سے ASPIRE پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے، جس کی مجموعی مالیت 200 ملین امریکی ڈالر ہے۔

خط میں کہا گیا کہ مالی سال 2023-24 کے حالیہ آڈٹ کے دوران، وفاقی آڈٹ ٹیم نے صوبوں کی جانب سے آڈٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پر تحفظات کا اظہار کیا، جس سے شفافیت اور فنڈز کے مؤثر استعمال کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

مزید یہ کہ اس معاملے پر متعدد یاد دہانیاں بھیجی جا چکی ہیں، تاہم تاحال کوئی تسلی بخش جواب موصول نہیں ہوا۔ خط میں نشاندہی کی گئی کہ ASPIRE پروگرام کے تحت صوبوں کو فنڈز کا 90% حصہ دیا جاتا ہے، جبکہ صرف 10% وفاقی سطح پر پروگرام کی سرگرمیوں کے لیے مختص ہوتے ہیں۔

وفاقی سیکرٹری نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ASPIRE پروگرام کے تحت ملنے والے فنڈز کا ایک بیرونی آڈٹ کرایا جائے اور اس کی رپورٹ PCU، MoFE اور PT کو پیش کی جائے تاکہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔