1 ذوالقعدة / April 29

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری سیاسی ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا دوسرا دور آج سہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور مذاکراتی عمل میں شریک ہوں گے، جبکہ تحریک انصاف اپنی مطالبات کی فہرست (چارٹر آف ڈیمانڈ) پیش کرے گی، جو ان مذاکرات کا اہم حصہ ہوگا۔

تحریک انصاف کے قریبی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں پارٹی چیئرمین اور دیگر قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام پر بھی زور دیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا تفصیلی جائزہ لے کر ایک جامع حکمت عملی پیش کی جائے گی، تاکہ مذاکرات کو مثبت سمت میں آگے بڑھایا جا سکے۔

یہ مذاکرات ملکی سیاسی استحکام کے لیے انتہائی اہم سمجھے جا رہے ہیں، اور عوام کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آیا یہ سلسلہ کوئی ٹھوس نتیجہ دے سکے گا یا نہیں۔