1 ذوالقعدة / April 29

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے عوام سے سالِ نو کے موقع پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر SayNoToAerialFiring# اور CelebrateResponsibly#کے ہیش ٹیگز کے ساتھ ایک مہم چلائی، جس کا مقصد ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک عمل سے گریز کرنا ہے۔

آصفہ بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا، "نئے سال کا جشن خوشیوں سے منائیں لیکن حفاظت کو نظرانداز نہ کریں۔ ہوائی فائرنگ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ یہ بے گناہ جانوں کے ضیاع کا سبب بھی بن سکتی ہے۔”

آصفہ بھٹو کی عوام سے سال نو پر ہوائی فائرنگ نہ کرنے کی اپیل

 

ادھر، سندھ حکومت نے سال نو پر ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرتے ہوئے حیدرآباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

کراچی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدامِ قتل کے مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ لاہور میں آتش بازی پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ نئے سال کی خوشیوں کو محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں منائیں۔ انہوں نے کہا، "خطرناک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ انسانی زندگی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔”

یہ اقدامات نئے سال کی تقریبات کو محفوظ اور خوشگوار بنانے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ عوام بغیر کسی حادثے کے نئے سال کا استقبال کر سکیں۔