2 ذوالقعدة / April 30

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید سردی اور دھند کے باعث سکولوں کی موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کر دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں کے سکول 6 جنوری تک بند رہیں گے۔

ابتدائی طور پر 23 سے 31 دسمبر تک چھٹیاں دی گئی تھیں، تاہم سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر تعطیلات کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع سرد اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔

میدانی علاقوں میں نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں رات اور صبح کے وقت شدید دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے شہریوں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

حکام نے والدین اور طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرد موسم میں اضافی گرم کپڑوں کا استعمال یقینی بنائیں۔ چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ طلبہ کی حفاظت اور صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔