98
2024: پنجاب میں گرمی نے ریکارڈ توڑ دیے، سردی کا دورانیہ مزید کم
پنجاب، 2024: رواں سال پنجاب کی تاریخ میں گرم ترین سال ثابت ہوا، جہاں گرمی کی شدت اور دورانیے نے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دیے، جبکہ سردی کا دورانیہ محدود ہو کر صرف 45 دنوں تک رہ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، گرمی کا آغاز مئی سے ہوا اور یہ غیر معمولی طور پر اکتوبر…
پنجاب، 2024: رواں سال پنجاب کی تاریخ میں گرم ترین سال ثابت ہوا، جہاں گرمی کی شدت اور دورانیے نے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دیے، جبکہ سردی کا دورانیہ محدود ہو کر صرف 45 دنوں تک رہ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گرمی کا آغاز مئی سے ہوا اور یہ غیر معمولی طور پر اکتوبر تک جاری رہی۔ اس دوران درجہ حرارت کے اتار چڑھاؤ میں معمولی فرق دیکھنے میں آیا، اور گرمی کی شدت کا احساس لاہور میں 55 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ پنکھے اکتوبر تک چلتے رہے، جو موسم کے غیر معمولی ہونے کا واضح ثبوت تھا۔
2024 میں بارشوں کی کمی اور خشک ہواؤں کی بندش کے باعث شہری شدید گرمی اور حبس سے دوچار رہے۔ مئی سے جولائی کے درمیان لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم خشک رہا، جبکہ مون سون کے دوران بھی بارشیں معمول سے کم ہوئیں۔
اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں اسموگ کا سیزن شروع ہوا، جو جلد ہی لاہور سمیت دیگر اضلاع پر چھا گیا۔ صوبائی دارالحکومت میں بعض مقامات پر ایئر کوالٹی انڈیکس 2000 کی خطرناک حد سے تجاوز کر گیا، جس سے فضا انتہائی مضر صحت ہوگئی۔ گرد و غبار کے بادلوں نے شہر کو دھندلائے رکھا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، جو آنے والے سالوں میں مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور حکومتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے تاکہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا سکے۔