2 ذوالقعدة / April 30

پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے کامران غلام 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ہوم ٹیم کے بولرز نے اپنی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو بڑا اسکور کرنے کا موقع نہ دیا۔

پاکستانی اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے کیا، لیکن 14.1 اوورز میں 36 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جلد ہی صائم ایوب 14 اور بابر اعظم صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس سے ٹیم کا اسکور 41 رنز پر تین وکٹ ہوگیا۔

اس کے بعد سعود شکیل نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن وہ بھی 14 رنز بنا کر 56 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان اور کامران غلام نے پانچویں وکٹ پر 81 رنز کی شراکت قائم کی، جس نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ کامران غلام 54 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رضوان 27 رنز بنا سکے۔

چھٹی وکٹ کے بعد سلمان علی آغا اور عامر جمال نے ساتویں وکٹ پر 47 رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کے اسکور کو 189 تک پہنچایا۔ عامر جمال نے 28 اور سلمان علی آغا نے 18 رنز بنائے، لیکن دونوں جلدی آؤٹ ہو گئے۔

ٹیل اینڈرز میں خرم شہزاد اور محمد عباس نے آخری وکٹ پر 22 رنز جوڑے۔ خرم 11 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جبکہ محمد عباس 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کے بولرز میں ڈین پیٹرسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوربن بوش نے 4 اور مارکو یانسین نے ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے موقع پر جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما نے اپنی ٹیم کے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سیریز کو جیتنے پر مکمل توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود نے کنڈیشنز کو سیمرز کے لیے سازگار قرار دیا اور چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ٹیم کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 سے شکست کھائی تھی، تاہم ون ڈے سیریز کے تینوں میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔