8 رَبيع الأوّل / August 31

لورہ (نمائندہ خصوصی نور میڈیا پلس)

ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل لورہ کے علاقے کوٹلی ڈنہ میں جائیداد کے تنازعے نے دو قیمتی جانیں نگل لیں۔ ہمسائے کے ہاتھوں دو سگے بھائی بے دردی سے قتل کر دیے گئے، جنہیں ان کے گھر کے قریب ہی سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، گاؤں کوٹلی ڈنہ کے رہائشی اخلاق ولد مختیار عباسی اور ذوالفقار ولد مختیار عباسی کو ان کے ہمسائے امین ولد عبد الرحمن خان نے متنازع زمین سے درخت کاٹنے پر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ملزم کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر جائے وقوعہ کے قریب سے گرفتار کر لیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق، قتل کی وجہ جائیداد کا تنازع بنی، جس میں ایک درخت کاٹنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ ملزم امین کا دعویٰ ہے کہ زمین اس کی ملکیت تھی، جبکہ مقتولین کے اہل خانہ نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی میر افگن کی سربراہی میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ لورہ میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور اہل خانہ نے اس المناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔
یہ واقعہ ایک پرامن علاقے میں انسانی جان کی بے قدری اور قانون کی بالادستی کی ضرورت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ایک درخت کے تنازعے پر دو قیمتی جانوں کا ضیاع پورے علاقے کے لیے ایک بڑا لمحہ فکریہ ہے۔ ارباب اختیار کو ایسے دل دہلا دینے والے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

Tags