11 جُمادى الأولى / November 14

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے انسانی اسمگلنگ اور  دھوکا دہی کے کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔

سٹی کورٹ میں صارم برنی کے خلاف انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر وکلا اور ایف آئی اے کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، ملزم کے خلاف مزید ثبوت جمع کرنے ہیں، ملزم کو ضمانت دی گئی تو وہ تفتیش پر اثر انداز ہو سکتا ہے، ملزم مسلسل جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ بچی کی والدہ کا بیان ہے کہ بیٹی لینے کے لیے صارم برنی سے رابطہ کیا لیکن صارم برنی نے والدہ کو بچی دینے سے انکار کر دیا۔

دوسری جانب صارم برنی کے وکیل کا کہنا تھا کہ بچی کو مکمل قانونی طریقے سے اڈاپٹیشن میں دیا گیا، صارم برنی کے پاس بچی کو اڈاپٹیشن میں دینے کے حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں جبکہ ایف آئی اے ملزم کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی لہذا صارم برنی کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے خارج کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔