11 جُمادى الأولى / November 14

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف میچ کے دوران صفر پر آؤٹ ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان تماشائی سے الجھ گئے۔

گزشتہ شب ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا اور ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

امریکا نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 19 رنز کا ہدف دیا اور قومی ٹیم صرف 13 رنز بناسکی۔

پاکستانی بیٹنگ کے دوران اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد جب وہ واپس پویلین کی طرف جا رہے تھے تو ان کا سامنا ایک پرستار سے ہوا۔

25 سالہ کرکٹر ناراض چہرے کے ساتھ مداح کی طرف بڑھے اور پھر پویلین لوٹ گئے۔

خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ تماشائی میں بیٹھے کسی شخص نے اعظم کو کچھ کہا تھا جس کے باعث وہ غصے میں آگئے۔

واضح رہے کہ ڈیلس میں گروپ اے کے کھیلے گئے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے،کپتان بابر اعظم 44 اور شاداب 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

امریکا کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بیٹر نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا مارا اور میچ برابر ہوگیا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔