118
نیپال کے بعد بھارت میں بھی سیلاب کا خطرہ، نشیبی علاقوں کے لیے الرٹ جاری
نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد بھارت میں بھی دریاؤں کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اتر پردیش کے نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال سے آنے والے پانی کے باعث اتر پردیش میں دریائے ناراینی گنڈک کی سطح میں اضافہ ہوا…
نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد بھارت میں بھی دریاؤں کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اتر پردیش کے نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال سے آنے والے پانی کے باعث اتر پردیش میں دریائے ناراینی گنڈک کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیپال سے بہہ کر آنے والی بعض لاشیں گنڈک دریا سے بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ بہار میں بھی مختلف دریاؤں کی سطح بلند ہو گئی ہے اور بعض مقامات پر پانی خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گیا ہے۔
بھارتی محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث سیلاب اور دیگر ممکنہ قدرتی آفات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب لداخ کے علاقے ستکپا سانکو میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شدید سیلابی ریلے کے ساتھ کیچڑ، بڑے پتھر اور ملبہ بہہ کر ندی تک پہنچ گیا۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ نیپال کے سرحدی علاقے میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 903 تک پہنچ گئی ہے۔
نیپالی حکام کے مطابق سیلابی ریلوں کے نتیجے میں 2500 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ ہائیڈرو پاور منصوبوں کے 6 مقامات پر 933 کارکن پھنسے ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرنگوں میں پھنسے ہائیڈرو پاور منصوبوں کے کارکنوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔








