15 مُحَرَّم / July 10

میلان ایئرپورٹ پر شخص طیارے کے انجن میں پھنس کر ہلاک، پروازیں معطل

اٹلی کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک میلان برگامو ایئرپورٹ پر ایک شخص جہاز کے انجن میں جا گھسا جس کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر تقریباً دو گھنٹے تک تمام پروازیں معطل رہیں۔

اطالوی میڈیا کے مطابق 35 سالہ مقامی شخص بغیر ٹکٹ کے ایئرپورٹ پہنچا، سیکیورٹی توڑتے ہوئے بیگیج ڈلیوری ایریا کے ایک دروازے سے گزرا اور اسپین کی بجٹ ایئرلائن وولوٹیا کے طیارے تک جا پہنچا۔

بارڈر پولیس کے دو اہلکار اس کے پیچھے دوڑے لیکن وہ انہیں چکمہ دے کر ٹیک آف کے لیے تیار جہاز کے قریب پہنچ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق وہ پہلے دائیں جانب انجن کے قریب کودا اور پھر بائیں جانب انجن میں گھس گیا یا شاید انجن کی طاقت کے باعث کھینچ لیا گیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ شخص نہ تو مسافر تھا اور نہ ہی ایئرپورٹ کا ملازم۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ اپنی گاڑی ایئرپورٹ کے باہر چھوڑ کر اندر داخل ہوا اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی جان لینے کا ارادہ رکھتا تھا۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔