5 مُحَرَّم / June 30

ایران کی جانب سے اسرائیل پر سلسلہ وار حملے، تیسری کارروائی میں 3 افراد ہلاک

جنگ بندی کے آغاز سے قبل ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی افواج نے جمعرات کی صبح اسرائیل پر تیسرے میزائل حملے میں جنوبی شہر بیرشیبا کو نشانہ بنایا، جہاں ایک میزائل گرنے سے شدید تباہی ہوئی، 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے حملوں کے جواب میں یہ کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب کرج اور راجائی شہر میں بھی شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے تہران کے دو علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلاء کی نئی وارننگ جاری کر دی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

جنگ بندی کے اعلان سے قبل کشیدگی میں اضافہ

یہ تمام حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند گھنٹے قبل ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے ہونا تھا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی رضامندی کے 12 گھنٹے بعد اسرائیل بھی جنگ بندی پر عمل کرے گا۔ ان کے بقول:

"یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں جاری رہ سکتی تھی اور پورے مشرق وسطیٰ کو تباہی کے دہانے پر لا سکتی تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا اور اب کبھی نہیں ہوگا۔ خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر رحم کرے۔”

ایران کی جنگ بندی پر رضامندی کی تصدیق

ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے بھی تصدیق کی ہے کہ تہران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تجویز قبول کر لی ہے، تاہم زمینی صورتحال اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ دونوں جانب سے کشیدگی تاحال برقرار ہے۔