4 مُحَرَّم / June 29

امریکہ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ، فردو، نطنز اور اصفہان نشانے پر

امریکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔ حملے میں فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق فردو کی تنصیب پر چھ بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے بارہ بنکر بسٹر بم گرائے گئے جبکہ نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات پر امریکہ نے تیس ٹوماہاک کروز میزائل فائر کیے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ میزائل چار سو میل دور آبدوز سے داغے گئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کارروائی کو "کامیاب” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی اور فوج یہ کارروائی نہیں کر سکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے اب بھی امن کی راہ نہ اپنائی تو امریکہ کی آئندہ کارروائی "زیادہ شدید اور تیز” ہو گی۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکہ کی شمولیت پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کے اس اقدام کو "ریڈ لائن کی خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اس حملے کا جواب دے گا اور امریکہ کو اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔