24 ذوالحجة / June 20

اسرائیل کی کامیابی مسلم دنیا کے لیے خطرہ ہے، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی کامیابی عالمِ اسلام کی تباہی کی راہ ہموار کرے گی اور اس کے اثرات پورے خطے کے امن پر مرتب ہوں گے۔

اپنے ایک بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ’اسرائیل کی شکست مشرق وسطیٰ اور دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔‘ ان کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور بھارت کے مابین بڑھتا ہوا تعاون عالمی امن کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے زور دیا کہ مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اسلامی ممالک کو عسکری اتحاد قائم کرنا چاہیے تاکہ اپنے مشترکہ مفادات اور سلامتی کا تحفظ کیا جا سکے۔

پاکستان کی اندرونی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کو چاہیے کہ سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔