24 ذوالحجة / June 20

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی، میزائل حملے اور دھماکوں کی اطلاعات

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر ایک بار پھر میزائل داغے گئے ہیں۔ فوج کے مطابق اسرائیلی فضائی دفاعی نظام خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر فعال ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تل ابیب اور حیفہ میں کئی اہداف پر میزائل داغے گئے جن کے باعث حیفہ کی ریفائنری کی پیداوار معطل کر دی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حیفہ ریفائنری پر حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ریفائنری کی پیداوار مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔

دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ اس کے شہر شیراز پر داغے گئے اسرائیلی میزائلوں میں سے 20 سے زائد کو فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔

فوری طور پر ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔