24 ذوالحجة / June 20

ایران کے اسرائیل پر جوابی حملوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں

ایرانی حکام کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں ایران نے ’وعدہ صادق سوم‘ کے نام سے ایک وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی جس کے تحت اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک اور کروز میزائلوں کی بارش کی گئی۔

ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 150 سے 200 میزائل تین مختلف مرحلوں میں داغے گئے۔ پہلے مرحلے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے مرحلے میں بھی تقریباً 50 میزائل فائر کیے گئے۔ اس حملے کے بعد اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

اسرائیلی دفاعی نظام نے امریکی مدد سے متعدد ایرانی میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کر دیا، تاہم ایرانی حکام کے مطابق کئی میزائل اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔ ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں اسرائیل کے فوجی اڈے اور وزارت قومی سلامتی کی عمارت سمیت حساس مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 91 زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 150 اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔