24 ذوالحجة / June 20

وزیراعظم شہباز شریف کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انتہائی سنگین اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر وہ ایرانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس سے پہلے سے غیر مستحکم خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشیدگی کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو یہ صورتحال نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی شدید خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ اس کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ صورتحال قابو سے باہر نہ ہو اور خطے میں قیام امن کی کوششیں متاثر نہ ہوں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ دارانہ کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقین کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔