24 ذوالحجة / June 20

ایران کا اسرائیل کو سخت انتباہ: "جنگ چھیڑنا شیر کی دُم سے کھیلنے کے مترادف ہے”

اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی حکومت نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے جنگ چھیڑنا شیر کی دُم سے کھیلنے کے مترادف ہے اور اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ ایرانی حکومت کے مطابق اسرائیل سے طاقت کی زبان کے سوا کسی اور زبان میں بات ممکن نہیں، اور صیہونی ناجائز وجود کو اس کے اقدامات پر پشیمان کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دفاعی، سیاسی اور قانونی سطح پر عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے اور یہ اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک دشمن کو اس کے اقدامات کی بھاری قیمت نہ چکانی پڑے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران اپنے ہر ایک شہید کا انتقام لے گا اور صیہونیوں کی نیندیں حرام کر دے گا۔

ایران نے قومی خود مختاری کی خلاف ورزی کو اسرائیل کا ناقابلِ معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے جنگ کی ابتدا نہیں کی، مگر اس کا اختتام ایران کے ہاتھوں لکھا جائے گا۔ ایرانی حکومت کے مطابق یہ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری ملت کی آواز ہے، جو آج دنیا کو گواہ بنا رہی ہے کہ جنگ ہم پر مسلط کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران قومی سلامتی، خودمختاری اور اپنے عوام کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور اسرائیل کو اس جارحیت پر سخت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔