6 ذوالقعدة / May 04

بھارتی فوج کا پاکستانی قیدیوں کو جعلی مقابلوں میں مارنے کا مبینہ منصوبہ

سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوج اور خفیہ ایجنسیاں غیر قانونی طور پر زیر حراست پاکستانی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کے دوران ہلاک کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی مختلف جیلوں میں اس وقت 56 پاکستانی شہری موجود ہیں جنہیں مبینہ طور پر جبراً اور غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔ ان افراد کو ایسے علاقوں میں مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جہاں عسکریت پسندی کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو جعلی انکاؤنٹرز میں ہلاک کرنے کے بعد انہیں ’سرحد پار سے آنے والے دہشت گرد‘ قرار دیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نہ صرف ان کے پاس پلانٹڈ اسلحہ اور دیگر ثبوت رکھے جائیں گے بلکہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بھارتی میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔

ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بعض افراد کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا اور ان سے پاکستان کے خلاف بیانات اور ’اعترافِ جرم‘ کے مناظر ریکارڈ کرائے جائیں گے تاکہ اس منصوبے کو مستند ظاہر کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل ماضی میں متعدد مواقع پر دعویٰ کر چکے ہیں کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا ہے، تاہم بھارت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

بی بی سی آزاد ذرائع سے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کر سکی ہے۔ بھارتی حکام کی طرف سے بھی اس خبر پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔