2 ذوالقعدة / April 30

صدر ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کے عہدیداروں کی برطرفی: "ہم غیر وفادار لوگوں کو نکالیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی کے معاملے پر سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسے افراد کو نکالیں گے جو فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں یا جن کی وفاداریاں کسی اور کے ساتھ ہو سکتی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ ایسے افراد کو برداشت نہیں کرے گی جو ان کے مطابق "وفادار نہیں ہیں”۔

برطرف کیے جانے والے عہدیدار

امریکی میڈیا کے مطابق برطرف کیے جانے والے عہدیداروں میں ڈائریکٹر فار انٹیلی جنس برائن والش، لیجسلیٹو افیئرز ڈائریکٹر تھامس بوڈرے اور ٹیکنالوجی و نیشنل سیکیورٹی ڈائریکٹر ڈیوڈ فیتھ شامل ہیں۔

برطرفیوں کی ممکنہ وجہ

امریکی میڈیا کے مطابق یہ برطرفیاں اس وقت سامنے آئیں جب یہ انکشاف ہوا کہ یمن پر امریکی حملوں سے متعلق معلومات این ایس اے کے سوشل میڈیا گروپ میں ایک صحافی کو فراہم کی گئی تھیں۔ اس معاملے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں اعلیٰ سطح پر برطرفیاں عمل میں آئیں۔

امریکی حکومت کے ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اپنی ٹیم میں صرف وہ افراد چاہتے ہیں جو ان کے احکامات پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی اختلاف کی گنجائش نہ ہو۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری تھے۔

یہ حالیہ برطرفیاں صدر ٹرمپ کی جانب سے وفاداری کو انتہائی اہمیت دینے کے سلسلے کی ایک اور کڑی سمجھی جا رہی ہیں، جو ان کی انتظامیہ میں کئی بار دیکھنے میں آچکا ہے۔