1 ذوالقعدة / April 29

راولپنڈی: دی ایڈن گارڈن اسکول سسٹم میں سالانہ امتحانات کے نتائج کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ اس پروقار تقریب میں ممتاز صحافی، وکلاء، مذہبی سکالرز، سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں معروف صحافی وسیم ہاشمی، انوار الحق مغل، سردار آفتاب، ایڈووکیٹ عمران شفیق، مذہبی سکالر مولانا نعیم الرحمان چشتی، این ایم پوڈکاسٹ کے میزبان صاحبزادہ نقیب الرحمان چشتی، سیاسی شخصیت ڈاکٹر جاوید، راجہ عامر شبیر اور دیگر معزز شخصیات بطور مہمان شریک ہوئیں۔

پرنسپل راجہ عمر شبیر اور ڈائریکٹر راجہ شبیر احمد اور کوارڈینیٹر خرم ابن شبیر  نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا۔ مقررین نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے طلبہ کو مزید محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔

تقریب کے دوران طلبہ نے مختلف ثقافتی، تخلیقی اور علمی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ والدین نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کو ایک مثبت اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔

اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات اور شیلڈز دی گئیں، جبکہ اساتذہ کی محنت اور خدمات کو بھی سراہا گیا۔ یہ شاندار تقریب طلبہ کے لیے نہ صرف ایک یادگار موقع تھا بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی تھی کہ دی ایڈن گارڈن اسکول سسٹم معیاری تعلیم اور ہمہ جہت ترقی کے لیے کوشاں ہے۔