1 ذوالقعدة / April 29

راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں غیرت کے نام پر ایک لڑکی کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کی منگنی اس کے چچا کے بیٹے سے طے ہوئی تھی، تاہم وہ 3 فروری کو گھر سے فرار ہو گئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق لڑکی کو اس کے چچا نے گھر واپس لا کر کمرے میں بند کیا اور مبینہ طور پر زہریلی گولیاں دے کر قتل کر دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد ملزم نے مقتولہ کو خفیہ طور پر دفنا دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے قبر کشائی کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

پولیس حکام نے مقتولہ کے چچا اور والد کو شاملِ تفتیش کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔