اوکاڑہ میں واٹس ایپ پر ڈکیتی کی جھوٹی خبر پھیلانے پر پولیس نے سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے ایک واٹس ایپ گروپ میں ڈکیتی کی جعلی پوسٹ شیئر کی، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر کی مدعیت میں پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ سائبر قوانین کے تحت کارروائی کی گئی ہو۔ اس سے قبل مظفر گڑھ میں بھی سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
اتوار کے روز ملتان میں ایک شخص کے خلاف توہینِ مذہب کی جھوٹی پوسٹ لگا کر اسے خطرے میں ڈالنے پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ ماہرین کے مطابق، جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔