98
لاس اینجلس میں آگ میں گھوڑے کی وفاداری کا دل کو چھو لینے والا منظر
لاس اینجلس: آتشزدگی کے دوران گھوڑے کی وفاداری اور دوستی کا منظر، ویڈیو وائرل امریکی شہر لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ کے دوران ایک گھوڑے کی وفاداری اور دوستی نبھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے اور دھواں اٹھنے کے درمیان لوگ اپنے…
لاس اینجلس: آتشزدگی کے دوران گھوڑے کی وفاداری اور دوستی کا منظر، ویڈیو وائرل
امریکی شہر لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ کے دوران ایک گھوڑے کی وفاداری اور دوستی نبھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے اور دھواں اٹھنے کے درمیان لوگ اپنے جان و مال کو بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف دوڑ رہے ہیں۔
اسی دوران، ایک گھوڑا جو پہلے اپنے بچاؤ کے لیے دوڑ رہا تھا، اپنے دو ساتھیوں کی تلاش میں واپس پلٹتا ہے اور ان کی مدد کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ویڈیو میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ جب گھوڑا پیچھے کی طرف دوڑتا ہے، اس دوران دونوں ساتھیوں میں ایک گھوڑے کا بچہ بھی شامل ہے، جو بھی خوفزدہ ہو کر بھاگتے ہیں۔ پھر تینوں گھوڑے ایک ساتھ واپس محفوظ علاقے کی طرف دوڑنا شروع کر دیتے ہیں۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر صارفین کو نہ صرف حیرت میں ڈالا بلکہ گھوڑے کی وفاداری اور بہادری کی تعریف بھی کی جا رہی ہے۔ اس منظر نے لوگوں کے دلوں کو چھو لیا اور اس گھوڑے کی وفاداری کو سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ لاس اینجلس میں اس وقت تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ نے تباہی مچا رکھی ہے، جس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 16 تک پہنچ چکی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جنگلاتی آگ کی وجہ سے ابھی تک کم از کم 13 افراد لاپتہ ہیں اور 12 ہزار سے زائد مکانات اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ایک لاکھ 66 ہزار افراد کو انخلا کی وارننگ دی گئی ہے۔
اس بدترین آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے ہزاروں فائر فائٹرز اور امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔